الہ آباد :14 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ نے کہاہے کہ یہ (لوک سبھا انتخا ب) ملک کے مفاد میں آر پار کی لڑائی ہے اور جمہوریت کی اس فیصلہ کن مہابھارت میں اگر ایس پی۔بی ایس پی اتحاد اترپردیش میں ایک بھی سیٹ جیت جائے تو وہ کانگریس کی بیساکھی بننے کا کام کرے گا۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں موریہ نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اتر پردیش میں امیٹھی اور رائے بریلی کا انتخاب بھی ہارنے جا رہی ہے اور ان دونوں سیٹوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا کمل کھلنے جا رہا ہے۔ گزشتہ سال پھول پور پارلیمانی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو ملی شکست پر نائب وزیر اعلی نے کہا کہ اس وقت (2018 میں) پھول پور میں ایم پی بنانے کا انتخاب تھا، لیکن اس بار نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم بنانے کا الیکشن ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ذات پات کی بنیاد پر ایس پی۔بی ایس پی کا اتحاد فتح کے حسین خواب دیکھ رہا ہے، ان میں کہنا چاہتا ہوں کہ ان کے نسلی حکمت عملی پر مودی کی حکمت عملی بھاری پڑے گا۔ موریہ نے کہا کہ اتر پردیش میں 73 سے زیادہ سیٹوں پر بی جے پی اپنے اتحاد کے ساتھیوں کے ساتھ فتح حاصل کرے گی۔